متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ سندھ کے شہر جیکب آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ اس دوران وزیراعظم نے کہا کہ صحبت پور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، علاقے میں پانی کی سطح میں کمی کے باوجود ہر جگہ پانی موجود ہے، بلوچستان میں 25 ہزار روپے کی تقسیم کا عمل 85 فیصد مکمل ہوچکا ہے، اب تک کل 5 ارب روپے تقسیم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے 300 یونٹ تک بجلی کے بل نہیں لئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقوں میں پانی کے کھڑے ہونے کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر طے کیا جائے گا کہ کس متاثرہ علاقوں سے پانی کا اخراج ممکن بنایا جائے۔