اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسمعیل بقائی نے وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو کو عوامی انتخاب و حلف برداری پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں وینزویلا کے صدر کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسمعيل بقائی نے تاکید کی کہ ہم ایران و وینزویلا، دونوں اقوام کی خیر و صلاح کے لئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی توسيع کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، شیطانی مداخلتوں اور یک طرفہ و غیر قانونی پابندیوں کہ جو امریکی قیادت میں نافذ کی جاتی ہیں کے خلاف وینزویلا کے عوام و حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
واضح رہے کہ نکولس میڈورو 28 جولائی کے الیکشن میں 51 فیصد آراء سے مسلسل تیسری بار وینزویلا کے صدر منتخب ہوئے تھے جبکہ جمعے روز ان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر نہ صرف یورپ کی جانب سے شدید تنقید کی گئی بلکہ امریکہ کی جانب سے بھی مزید پابندیوں کے ساتھ ساتھ نکولس میڈورو کی گرفتاری میں مدد کے لئے 25 ملین ڈالر کے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔