1
Wednesday 8 Jan 2025 18:41

سبطین حیدر نے جامعۃ الرضا اسلام آباد کے پہلے سمیسٹر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

سبطین حیدر نے جامعۃ الرضا اسلام آباد کے پہلے سمیسٹر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی
اسلام ٹائمز۔ جامعۃ الرضا اسلام آباد کے پہلے سمیسٹر کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ سبطین حیدر نے سارے مدرسے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق جامعۃ الرضا اسلام آباد میں اس وقت چھیاسی طلباء زیرِ تعلیم ہیں۔ ان سب میں سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم سبطین حیدر کا تعلق پاراچنار سے ہے۔ان کی تاریخ پیدائش 15/3/2007 اور والد کانام لعل حسن ہے۔ دینی تعلیم کے علاوہ ان کی کالج کی تعلیم ایف اے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الحمدللہ سکول میں بھی ہر کلاس میں میری ہمیشہ پہلی، دوسری یا تیسری پوزیشن رہی ہے اور آٹھویں جماعت کے بعد مجھ میں دینی تعلیم حاصل کرنے کا شوق پیدا ہوا۔ اس وقت پاراچنار میں ایک عالم دین آیت اللہ شعبان علی ہادی نے مجھے کہا کہ اسلام آباد میں جامعۃ الرضا جا کر دینی تعلیم حاصل کرو، اُس مدرسے کے اساتذہ کرام بہت قابل، محنتی اور بااخلاق ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہاں کا تعلیمی ماحول بھی بہت اچھا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ جامعۃ الرضا میں آنے کے بعد میری زندگی بالکل بدل گئی، کیونکہ ایک دینی مدرسے اور عام معاشرے کے ماحول میں بہت فرق ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اور آئمہ اطہار کا قرب حاصل کرنے کے لئے جس طرح کا ماحول مدرسے میں ہوتا ہے، اُس طرح کا کسی دوسری جگہ نہیں ہوتا۔ یوں مدرسے میں آنے کے بعد میری زندگی میں بہت زیادہ تبدلی واقع ہوئی۔ دینی تعلیم میں میری کامیابی کی وجہ جہاں میرے والدین کی دعائیں ہیں، وہیں میرے اساتذہ کا خلوص اور انتھک محنت ہے، اس کے علاوہ یہاں نصابِ تعلیم منفرد نوعیّت کا ہے اور اساتذہ کا معیار بہت عمدہ ہے، جو ایک ٹیم کی صورت میں طلباء کو علمی طور پر مضبوط بناتے ہیں۔ نیز مدرسے کا ماحول بھی معنوی و تربیتی ہے۔ میں نے الحمدللہ جامعۃ الرضا میں داخلے کے بعد سال اول کے فائنل سمیسٹر میں پورے جامعہ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی اور اب سال سوم کے پہلے سمیسٹر میں پورے جامعۃ الرضا پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ حالیہ سمیسٹر میں میرا معدل 18.49 رہا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ فارغ اوقات میں مجھے کرکٹ کھیلنا، دینی کتابیں پڑھنا اور جنرل نالج حاصل کرنا پسند ہے۔ اُن کی آئیڈیل شخصیات میں  تمام مراجع عظام بالخصوص رہبر معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ائ اور قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی شامل ہیں۔ انہیں زیادہ لگاو قرآن مجید، نہج البلاغہ، 250 سالہ انسان اور تاریخ اسلام وغیرہ سے ہے۔ انہیں آثار قدیمہ اور تاریخی مقامات کی سیر و سیاحت سے خاص دلچسپی ہے۔ تعلیم کے علاوہ ڈرائیونگ اور فوٹوگرافی کی مہارت بھی انہیں حاصل ہے۔ مستقبل میں ان شاء اللہ مجتہد بن کر ملت تشیع کی خدمت کرنے کا  ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے دینی طلباء کے لئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں اور اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے آئمہ اطہار علیہم السلام سے بالخصوص امام زمان علیہ السّلام سے توسل کریں۔
خبر کا کوڈ : 1183186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش