اسلام ٹائمز۔ ولادتِ باسعادت امیرالمومنین حضرت علیؑ اور یومِ تأسیس جامعہ عروۃ الوثقی کی مناسبت سے عظیم المقاصد کانفرنس بعنوان "بڑھ کے خیبر سے ہے معرکۂ غزہ و فلسطین" 14 جنوری کو منعقد ہوگی، جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی کریں گے۔ اجتماع میں ملک بھر سے ہزاروں پیروانِ حیدرؑ، جید علمائے اسلام اور معزز دانشور شریک ہوں گے، جو امریکہ اور قابضینِ اقصیٰ کیخلاف اظہارِ براءت اور مظلومینِ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کریں گے۔ تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کی خیانت اور بے حسی کے زخم خوردہ فلسطینی زبانِ حال سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ آیا اس زمانے میں کوئی حیدرِ کرارؑ موجود ہے جو انہیں پنجۂ مرحب سے نجات دلا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس فلسطین و غزہ کے مظلوموں کی حمایت اور امتِ مسلمہ کو اتحاد، بصیرت اور جرات مندانہ قیادت کی ضرورت کا احساس دلانے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔
کانفرنس سے علامہ سید جواد نقوی، سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق، چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد، ڈائریکٹر جنرل فرینڈز آف فلسطین ڈاکٹر بلال الاسطل، امیر متحدہ جمعیت اہلِحدیث پاکستان علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید محمد حبیب عرفانی، پیر امین الحسنات، صاحبزادہ غلام جیلانی آفتاب اور دیگر معزز شخصیات خطاب کریں گی۔ معروف منقبت خواں الحاج غلام زین العابدین سعیدی، پیر مقدس کاظمی، علی دیپ رضوی اور علی عمار نقوی گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔