اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سلمان اکرم راجا اور شیر افضل مروت کے درمیان اختلافات ختم کروانے کیلئے سامنے آگئے۔ علی امین گنڈاپور نے شیر افضل مروت کو خیبر پختونخوا ہاؤس بلا کر معاملہ حل کرنے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی رہنماء شیر افضل مروت نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو غلط معلومات پہنچائی جاتی ہیں، پارٹی کے جتنے مسائل ہوں، انہیں پارٹی کے اندر حل ہونا چاہیئے۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ جو میڈیا پر آکر میرے خلاف بیانات دے گا، اس کا جواب دوں گا، میں نے کبھی پہل نہیں کی، ہمیشہ دفاع میں جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا فون آیا اور خیبر پختونخوا ہاؤس میں ملاقات بھی ہونی چاہیئے، علی امین نے کہا کہ میرے اور سلمان اکرم راجا کے معاملے پر بڑی لے دے ہو رہی ہے، میں نے کہا سلمان اکرم راجہ نے پہلے بیان دیا، جس کا میں نے جواب دیا۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ اسپیکر کی ذمہ داری ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کریں، اسپیکر کو کسی جانب سے اجلاس کی استدعا کا انتظار نہیں کرنا چاہیئے، اسپیکر کوآرڈینیٹر ہیں تو انہیں دونوں فریقین کو بٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں خدشات ہیں کہ بانی سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی، ان خدشات کے باجود بانی پی ٹی آئی نے مذاکرت کرنے کا کہا ہے۔