اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر و رکن گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وفاق میں پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت ہے، گلگت بلتستان میں ہمارے لئے الیکشن میں جانا بہت بڑا چیلنج ہے، اس کے باوجود ہم الیکشن میں جائیں گے، مسلم لیگ نون مضبوط حریف ہے، اس سے مقابلہ کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے، معاہدوں پر حکومتیں نہیں بنتیں، حکومت ملے نہ ملے ہم نے سیاست کرنی ہے، عوامی مسائل کا حل ترجیح ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی حوالے سے گلگت بلتستان کے حالات بہت ہی دگر گوں ہیں۔
ان کا کہنا تھا ہم تمام سیاسی مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے اکابرین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنی اپنی جماعتوں کے خول سے باہر نکلیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے علاقے کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے مل بیٹھیں ہمیں، قومی اور اجتماعی سوچ پیدا کرنا ہوگی۔ تقسیم در تقسیم سے ہمارے مسائل کبھی حل نہیں ہونگے بلکہ مسائل میں اضافہ ہوگا۔ ہم تمام دینی، سیاسی اور قومی جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھنا چاہتے ہیں، آئیں ایک میز پر بیٹھیں، عوامی مسائل پر مشترکہ جدوجہد شروع کریں، تمام جماعتوں کے ساتھ ڈائیلاگ کرنے کے خواہاں ہیں۔