اسلام ٹائمز۔ صیہونی وزیر خارجہ "گیڈعون سعر" نے اپنے یوکرائنی ہم منصب کو ٹیلیفون کال پر کہا کہ ایران، "تل ابیب" کے لئے بھی خطرہ ہے اور "کییف" کے لئے بھی۔ گیڈعون سعر نے یہ ٹیلیفونک کال اسرائیل اور یوکرائن کے درمیان سفارت کاری کی 33 سالگرہ پر کی۔ اس موقع پر انہوں نے حوثیوں کے خلاف اسرائیل کے بے بنیاد سفارتی و عسکری اقدامات کی وضاحت کی۔ اسی ضمن میں گیڈعون سعر نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ایران ہم دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے۔ میں نے یوکرائن کی پارلیمنٹ میں سپاہ پاسدارن انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ صیہونی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل، یوکرائن کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعلان کر چکا ہے۔ آخر میں انہوں نے یوکرائن کے شہروں پر حالیہ حملوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔