اسلام ٹائمز۔ ایران کے قائم مقام قونصل جنرل علی اصغر مغیری نے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات مستقبل قریب میں مزید مضبوط ہوں گے۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ قونصلیٹ نے ہمیشہ لاہور چیمبر کیساتھ بہترین تعلقات قائم رکھے ہیں اور یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ نے ویزا کے اجراء سمیت دیگر معاملات میں ہمیشہ تاجر برادری کو سہولیات مہیا کی ہیں۔ پنجاب اور لاہور کیساتھ تجارتی و معاشی تعلقات مضبوط کرنے کیلئے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے لاہور چیمبر کی قیادت کو ایران کے یومِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں مالیاتی نظام اور دیگر مسائل کے حل پر کام کر رہی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا کہ ایران کیساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ ایرانی قونصل نے ویزا کے اجراء سے متعلق لاہور چیمبر کی سفارشات کو قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان سے چاول، گوشت، ٹیکسٹائل، پھل، سبزیاں اور فارماسیوٹیکل مصنوعات درآمد کر سکتا ہے، جبکہ پاکستان ایرانی پٹرولیم مصنوعات اور صنعتی خام مال سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو بارٹر ٹریڈ سے فائدہ اٹھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ سمگلنگ دونوں ممالک کی معاشیات کیلئے نقصان دہ ہے، دونوں ممالک کو تجارتی لین دین میں آسانی پیدا کرنی چاہیے۔