اسلام ٹائمز۔ انجمن حیدریہ (رجسٹرڈ )گلگشت کے انتخابات میں الیکشن کمشنر کے فرائض عظیم الحق پیرزادہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ (سابق صدر ڈسٹرکٹ بار) نے انجام دئیے، بمطابق آئین حیدری کاغذات نامزدگی کا شیڈول جاری کیا گیا جس میں دوگروپ بانیان حیدریہ گروپ اور خادمین حیدریہ گروپ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ بانیان حیدریہ گروپ کو انتخابی نشان چاند اور خادمین حیدریہ گروپ کو انتخابی نشان پھول الاٹ کیا گیا۔ اس انتخاب میں ٹوٹل 856 ووٹرز پر مشتمل انجمن حیدریہ نے لسٹ جاری کی، پولنگ کا وقت صبح 9بجے تا شام 4بجے تک مقرر کیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئیے گئے تاکہ الیکشن کے عمل کو پرامن انداز میں منعقد کیا جاسکے۔
پولنگ کے اختتام پر 856 میں سے بانیان حیدریہ گروپ نے 467 اور خادمین حیدریہ گروپ نے 163 ووٹ حاصل کئیے جبکہ کل 630 ووت کاسٹ ہوئے اور 2 کینسل کیے گئے، اس طرح بانیان حیدریہ گروپ نے 467 ووٹ حاصل کرکے اس انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔ جس میں صدر اعجاز حیدر، نائب صدر مرزا اخترعباس، جنرل سیکرٹری ندیم حیدر، جوائنٹ سیکرٹری محمد قارب نوید ہاشمی، فنانس سیکرٹری سید یحیی مہدی نقوی، آفس سیکرٹری حماد رضا، سیکرٹری نشرواشاعت کاشف رضا منتخب ہوئے اور الیکشن کمشنر عظیم الحق پیرزادہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے منتخب شخصیات سے حلف لیا۔