اسلام ٹائمز۔ کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل امتیاز حسین گیلانی نے سکردو یوتھ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی۔ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ فوج اور بلتستان کا رشتہ ہمیشہ گہرا اور مضبوط رہا ہے۔ بلتستان کے عوام محب وطن ہیں۔ بلتستان کو قدرت نے تمام تر وسائل سے مالا مال کیا ہے، یہاں کے نوجوان صلاحیت کے اعتبار سے کسی سے پیچھے نہیں۔ نوجوان کسی بھی قوم کا اثاثہ ہیں۔نوجوان خود کو بدلے تو معاشرہ خود بدلے گا۔ کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ اکیس سال سے فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے تک جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردی کی اس جنگ میں گلگت بلتستان کے لوگوں نے پاک فوج کا بھرپور ساتھ دیا اور ہر طرح کی قربانی دی ہے۔
تقریب میں شریک شرکاء اور نوجوانوں نے پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا کہ جس کی وجہ سے ان کو اظہار خیال کا موقع ملا اور موجودہ چیلنجز پر نہ صرف سیر حاصل گفتگو ہوئی بلکہ تسلی بخش جوابات بھی ملے۔ تقریب کے آخر میں دفاعی نمائش بھی رکھی گئی جو شرکاء کی دلچسپی کا مرکز بنی۔ نوجوانوں نے تقریب کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس خصوصی نشست سے ہمارا اور فوج کا تعلق مزید مضبوط ہوا ہے اور کہا کہ اس طرح کے معلوماتی سیشنز سے ابہام دور ہوتے ہیں اور نوجوانوں کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے میں مدد ملتی ہے۔