0
Wednesday 25 Dec 2024 13:08

ملک پر مسلط 2 سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کردیں، بیرسٹر سیف

ملک پر مسلط 2 سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کردیں، بیرسٹر سیف
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط 2 سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں۔ یوم قائداعظم کے موقع پر اپنے پیغام میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پوری قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت مبارک ہو۔ بابائے قوم نے اپنی بصیرت، حکمت اور بے لوث قیادت کے ذریعے ایک آزاد ریاست کی بنیاد رکھی۔ ان کی قیادت نے مسلمانوں کو ایک مقصد اور منزل عطا کی۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے 3اصول اتحاد، ایمان، تنظیم کسی بھی قوم کی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ آج کا دن ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کی تجدید عہد کا دن ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے ملک پر مسلط سیاسی اشرافیہ نے قائد کے پاکستان کا چہرہ مسخ کیا ہے۔ ملک پر مسلط 2سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کی ہوئی ہیں۔ قائداعظم ہمیشہ دیانتدار، اصول پسند اور کردار کے پختہ انسان تھے۔انہوں نے اپنے الفاظ اور عمل سے یہ ثابت کیا کہ ایمانداری اور محنت کامیابی کی کنجی ہیں۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ قائداعظم کا خواب ایک ایسی ریاست کا قیام تھا، جہاں ہر شخص کو مذہبی، سیاسی اور معاشرتی آزادی حاصل ہو۔ ان کی قربانیوں کے سبب ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ قائداعظم کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ کسی بھی مشکل حال میں امید اور حوصلہ قائم رکھنا چاہیے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ قائد اعظم کی جدوجہد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ مستقل مزاجی اور قربانیوں سے بڑی سے بڑی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ یومِ قائد ہمیں یہ موقع دیتا ہے کہ ہم قائداعظم کی تعلیمات کو یاد کریں۔ قائد کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر  ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 1180371
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش