اسلام ٹائمز۔ امریکی تجارتی کمپنی وال مارٹ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے شہید رہنما یحییٰ السنوار کی تصویر والی ٹی شرٹس کی نمائش پر صہیونی ریاست نے سخت غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ امریکی کمپنی وال مارٹ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر السنوار شرٹ کی نمائش سے آباد کاروں میں شدید غصہ پھیل گیا۔ عبرانی اخبار معاریو نے بغیر کسی پابندی کے امریکی کمپنی کی ویب سائٹ پر السنوار ٹی شرٹس کی فروخت پر تنقید کی۔ امریکہ کی ’سٹاپ ایٹنی سیمیٹزم‘ نامی تنظیم نے امریکی کمپنی سے ان مصنوعات کو ویب سائٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا اور بعد میں کمپنی کی ویب سائٹ سے تصاویر ہٹا دی گئیں۔
شہید السنوار گذشتہ اکتوبر میں رفح شہر میں قابض اسرائیلی فوج کے ساتھ براہ راست جھڑپ کے دوران شہید ہو گئے تھے۔ حماس نے کہا تھا کہ وہ قابض اسرائیل کے خلاف ایک سال سے جاری جنگ کے دوران غزہ کی پٹی میں تمام جنگی محوروں میں مزاحمت جاری رکھی ہوئی ہے۔ السنوار کی شہادت سے فلسطینی مزاحمت کمزور نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "بہادر رہ نما شہید یحییٰ السنوار ہمارے فلسطینی عوام کی تاریخ کے سب سے بڑے معرکے طوفان الاقصیٰ کی قیادت کرنے کے بعد میدان جنگ میں اترے۔ وہ پورے ایک سال تک دشمن کے خلاف لڑتے رہے۔