اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانے کیلئے تیار ہے تو ہم بلوچستان میں وزارت اعلیٰ انکے حوالے کر دیں گے۔ نون لیگ کے ساتھ بلوچستان حکومت میں اڑھائی سال کا کوئی معائدہ نہیں ہوا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قدوس بزنجو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اڑھائی سال بعد بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانے پر راضی ہو تو بلوچستان میں وزارت اعلیٰ مسلم لیگ (ن) کو دینے کیلئے تیار ہیں۔ وفاق میں پیپلز پارٹی مسلم لیگ نون کی حمایت کر رہی ہے، صوبے میں وہ پیپلز پارٹی کے اتحادی ہیں۔ صوبے کے موجودہ حالات اڑھائی اڑھائی سالہ حکومتی فارمولے کے متحمل نہیں، موجودہ صوبائی حکومت ایک ویژن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان 20 سالوں سے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔ ہماری سیکیورٹی فورسز، لیویز، پولیس اور عام لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انسرجینسی کا نقصان صوبے کو پہنچا۔ ہم ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ حالیہ چھ ماہ میں واقعات میں ایک سازش کے تحت اضافہ ہوا۔ دشمن طاقتیں نہیں چاہتیں کہ بلوچستان میں ترقی ہو۔