اسلام ٹائمز۔ اربعین فاؤنڈیشن پاکستان نے زائرین کو تفتان کی طرف سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث زائرین کو مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں اربعین فاؤنڈیشن کے ترجمان نے کہا کہ تفتان بس یونین ٹرانسپورٹ نے اپنے مطالبات کے حق میں غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ جو ممکنہ طور پر لمبی ہوسکتی ہے۔ جس کی وجہ سے مسافر حضرات شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
اس وقت پاکستان ہاؤس میں 350 زائرین کرام کوئٹہ جانے کے لئے موجود ہیں۔ شدید سردی کی وجہ سے زائرین کی اکثریت بیمار ہونے لگی ہے، جبکہ بچے، خواتین اور بزرگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے زائرین کرام سے گزارش کی کہ پریشانی سے بچنے کے لئے تفتان اور کوئٹہ کی طرف سفر کرنے سے پرہیز کریں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے اسے جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ریمدان بارڈر سے زائرین کی آمدورفت جاری ہے۔