اسلام ٹائمز۔ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے 15 دسمبر کو یوم شہداء کا دن مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، پشاور سمیت دنیا بھر میں کارکنان دعا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں بات چیت کے دوران پتہ چلا کہ بانی پی ٹی آئی کو معلوم نہیں تھا کہ ڈی چوک اسلام آباد میں کتنی شہادتیں ہوئیں اور کتنے لوگ زخمی ہوئے ہیں؟ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بانی کو علم نہیں تھا کہ کتنے کارکنان لاپتہ ہیں، بانی پی ٹی آئی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ابھی تک 200 سے زائد کارکنان لاپتہ ہیں، وہ لاپتہ کارکنان کے حوالے سے فکر مند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ”کفر کا نظام چل سکتا ہے، لیکن ظلم کا نہیں“، ہم اس نظام کو قبول نہیں کریں گے، 9 مئی کے بعد اب 26 نومبر کا مطالبہ بھی مطالبات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ بانی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں رقوم بھیجنے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 3 سینئر ججوں پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، دونوں سانحات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں، گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے، غیرقانونی مقدمات فوری ختم کیے جائیں۔