اسلام ٹائمز۔ پاسبان حریت جموں و کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع نیلم سے ”حق خودارادیت مہم“ کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کے شرکاء نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی پوسٹوں کے قریب واقع علاقوں کنڈل شاہی، جورا، باڑیاں، سیماری اور چلہانہ میں ریلی نکالی۔ ذرائع کے مطابق ریلی میں خواتین، بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حق خودارادیت کے حق میں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی جنگی جرائم کیخلاف نعرے درج تھے۔ انہوں نے ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے، بھارتیو غاصبو جموں کشمیر چھوڑ دو” جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمیں عزیر احمد غزالی، نائب چیئرمین عثمان علی ہاشم، ضلعی صدر شرافت حسین ملک، پاسبان حریت شعبہ خواتین کی سربراہ مہناز قریشی نے کی۔ سرپرست انجمن تاجران نیلم خواجہ شفیق احمد، صدر انجمن تاجران عبدالرشید اعوان، کونسلر راجہ افتخار احمد خان، راجہ اویس احمد خان، ایڈوکیٹ کاشف افتخار ملک، کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے راہنما عبدالحی، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر بشارت چوہدری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ”حق خودارادیت مہم“ کے ذریعے اقوامِ متحدہ سے 5 جنوری 1949ء اور استصواب رائے کے حوالے سے باقی پاس شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست جموں کشمیر کے حوالے سے پاس کردہ قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت سے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔