0
Thursday 26 Dec 2024 12:26

حکومت اور مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے، حفیظ الرحمن

حکومت اور مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے، حفیظ الرحمن
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ( ن) گلگت بلتستان کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا،حکومت اور مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے، انتشاری سیاست کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ انتشاری سیاست ختم ہوئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ قائد اعظم کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں میاں نواز شریف کی سرپرستی، میاں شہباز شریف کی شبانہ روز محنت اور مسلم لیگ نون کے بے لوث کارکنوں کی محب وطن سوچ ہی تعمیر و ترقی کی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور صدر مسلم لیگ نون میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
تقریب سے مسلم لیگی رہنمائوں جسٹس (ریٹائرڈ) صاحب خان، محمد اشرف صدا، ڈاکٹر ارشاد احمد خان، سردار مہتاب احمد، حاجی غندل شاہ، حکیمہ سلطانہ، شیریں اختر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم قائد آعظم محمد علی جناح کی بصیرت، عزم اور قیادت نے ہمیں ایک آزاد اور خودمختار پاکستان دیا، پاکستان کو قائد کے وژن کے مطابق بنانے کے لیے نواز شریف کی سرپرستی میں عملی جدوجہد جاری رہے گی۔ ملک کے حصول کے لیے ہمارے اجداد نے لاکھوں جانوں کی قربانی دی، آزادی کی قیمت ان قوموں سے پوچھیں جو آج بھی غلامی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ 
 
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ملک کی بانی جماعت ہے اور مسلم لیگ نے ہی ہمیشہ ملک کو مسائل کی منجھدار سے نکال کر استحکام کی جانب گامزن کیا ہے۔ جسکی تازہ مثال ماضی قریب میں ڈیفالٹ کے قریب پہنچے ہوئے وطن کو دوبارہ معاشی استحکام کی راہ پر گامز ن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں میاں نواز شریف کی سرپرستی، میاں محمد شہباز شریف کی شبانہ روز محنت اور مسلم لیگ نون کے بے لوث کارکنوں کی محب وطن سوچ ہی تعمیر و ترقی کی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ کی بدولت آج ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنی اس عظیم ترین آزادی کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔
 
حفیظ الرحمن نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں ملک کے اندر بڑھتی ہوئی دہشت گردی، لسانی، علاقائی، فرقہ وارانہ تعصبات پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سیاسی و دفاعی استحکام کے لیے آج ہم سب کو ایک ہو کر حکومت اور مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انتشاری سیاست کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے مملکت خداداد پاکستان کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 1180500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش