اسلام ٹائمز۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے صحافیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں 5 صحافیوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔ نصیرات میں العودہ اسپتال کے سامنے اسرائیلی بم باری سے صحافیوں کی گاڑی تباہ ہوگئی۔ اس حوالے سے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں 141 میڈیا ورکرز مارے جا چکےِ ہیں۔
کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 133 فلسطینی میڈیا ورکرز غزہ میں مارے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج کے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں پر حملے کے نتیجے میں مزید 40 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ دوسری جانب پوپ فرانسس نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل بچوں پر گولیاں برسا رہا ہے۔ پوپ کے بیان پر اسرائیل نے ویٹیکن کے سفیر کو طلب کر لیا تھا۔