اسلام ٹائمز۔ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظربند کشمیری آزادی پسند رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے اپنے شوہر کی مسلسل بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان کی صحت کی بگڑتی ہوئی حالت پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی رہنمائوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ یاسین ملک کی جان بچانے کیلئے کردار ادا کریں۔ ذرائع کے مطابق محمد یاسین ملک نے جیل انتظامیہ کی طرف سے طبی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف یکم نومبر سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔مشعال ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت محمد یاسین ملک کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے خاموش کرانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بھوک ہڑتال ان کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے یاسین ملک کی صحت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ مشعال حسین ملک نے آر ایس ایس کی سرپرستی میں قائم بی جے پی کی بھارتی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر یاسین ملک کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو وہ براہ راست اس کی ذمہ دار ہو گی۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ دوہرا معیار چھوڑیں اور جیل میں بند ان کے شوہر کے ساتھ ہونے والے ناروا بھارتی سلوک کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔