اسلام ٹائمز۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ "ھاکان فیدان" نے کہا کہ اسرائیل خطے میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ صیہونی رژیم کو ہتھیاروں کی سپلائی بند کروانے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ اسرائیل جس دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے اس کے خلاف عالمی فورمز پر ہماری آواز کو سنا جانا چاہئے۔ دوسری جانب ھاکان فیدان نے سوڈان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان کے حالات انتہائی افسوس ناک ہیں اور وہاں کی انسانی صورت حال قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس نئے بحران کے حل کے لئے سوڈان میں تمام فریقین اور ثالثین سے رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب ترکیہ نے 53 ممالک اور اداروں کے ہمراہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نام ایک مشترکہ خط ارسال کیا۔ جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل بند کی جائے۔ اس بارے میں تُرک وزیر خارجہ "ھاکان فیدان" نے اعلان کیا کہ یہ خط انقرہ حکومت نے ترتیب دیا گیا ہے جس پر 52 ممالک اور 2 بین الاقوامی اداروں نے دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خط یکم نومبر کو اقوام متحدہ میں پیش کیا گیا۔ اس مشترکہ خط پر دستخط کرنے والے ممالک نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ صیہونی رژیم کو ہتھیاروں کی سپلائی اور عسکری امداد روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔