اسلام ٹائمز۔ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے لیے پاکستان آنیوالے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی پاکستان کی عسکری قیادت سے ملاقات میں دو طرفہ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چینی وزیراعظم نے آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے لیے پاکستان میں موجود چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، آرمی چیف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، لی چیانگ نے گرم جوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے امور زیر بحث آئے، چینی وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کیلئے چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر چینی وزیراعظم کاپرتپاک استقبال کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، چینی وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے گئے اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی، بعد ازاں چینی وزیرِ اعظم لی چیانگ وزیرِ اعظم ہاوس روانہ ہوگئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ 11 سال میں کسی بھی چینی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہے، چینی وزیراعظم کے دورے کا مقصد بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور چینی صدر ژی کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دو طرفہ تعاون کو نئی تحریک دینا ہے، پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، معیشت، تجارت، سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہو گی۔