اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے شیرقلعہ غذر میں ایک میگاواٹ پاور پروجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ہماری حکومت زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ جلد غذر کا تفصیلی دورہ کرکے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہدایات دوں گا۔ ہماری حکومت نے بجلی کے منصوبوں کو ٹارگٹ کر کے ٹائم لائنز کا تعین کیا اور ان منصوبوں کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل کو یقینی بنا رہے ہیں۔ پاور کے اے ڈی پی منصوبوں کے علاوہ پی ایس ڈی پی منصوبوں پر بھی کام شروع ہو رہا ہے جس سے گلگت بلتستان سے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو گا۔ شارٹ ٹرم پالیسی کے تحت وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کردہ 100 میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کو جلد عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے مختلف منصوبوں کے پی سی فورز وفاقی حکومت کے پاس منظوری کے منتظر ہیں۔ ہم نے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ ان پی سی فورز کی منظوری دی جائے تاکہ تعمیر ہونے والے منصوبوں سے عوام مستفید ہو سکیں۔ صحت، بجلی اور تعلیم کے جو منصوبے مکمل ہوئے ہیں ان کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے ایس پی ایس کے تحت ضروری سٹاف کی بھرتیوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہت جلد غذر کا تفصیلی دورہ کروں گا۔ شیرقلعہ سے پاور ہاؤس تک روڈ کا منصوبہ آئندہ سال کے اے ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔شیرقلعہ 10 بیڈ ہسپتال کو فعال بنانے کیلئے ضروری سٹاف کی بھرتیاں ایس پی ایس کے تحت کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔