0
Saturday 21 Dec 2024 10:59

آسٹریلیا کی پاکستان کو دینی مدارس کے طلبہ کو جدید فنی تعلیم دینے کی پیشکش

آسٹریلیا کی پاکستان کو دینی مدارس کے طلبہ کو جدید فنی تعلیم دینے کی پیشکش
اسلام ٹائمز۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ ان کا ملک مدارس کے طلبہ کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنے میں پاکستان کی معاونت کیلئے تیار ہے۔ نیل ہاکنز نے وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین سے ملاقات کے دوران اس تعاون کی پیشکش کی۔ چودھری سالک حسین نے کہا کہ وزارت تعلیم کے ماتحت 18 ہزار سے زائد مدارس رجسٹرڈ ہیں اور ان کے طلبہ کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ معاشرے میں محبت، مساوات، رواداری اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نفرت اور عدم برداشت دو بنیادی عوامل ہیں جو تشدد اور انتہا پسندی کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے آسٹریلیا میں ہنرمند پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دنیا بھر میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان، دہشتگردی اور فرقہ واریت کے خاتمے، امن کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ چوہدری سالک نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیساتھ ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو آئین کے ذریعے تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ ملاقات میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کو دنیا میں مذہبی ہم آہنگی، امن و رواداری کے فروغ کیلئے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے دینی مدارس میں اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر قانونی انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے اور روزگار کیلئے بیرون ملک جانیوالے افراد کو جدید مہارتیں فراہم کرنے کیلئے ایک منصوبہ شروع کیا ہے۔ ملاقات کا اختتام دونوں ممالک کے درمیان انتہا پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیساتھ ہوا۔
خبر کا کوڈ : 1179534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش