اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگلی دفعہ ہم امن والی بات نہیں کریں گے، عمران خان کو خدا کا واسطہ ہے کہ امن کا راگ چھوڑ دیں، جب ہم اسلحہ لے کر نکلیں گے تو دکھائیں گے بھاگتا کون ہے۔ ایبٹ آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اگلی دفعہ ہم پرامن والی بات نہیں کریں گے، ہم نکلیں گے اور امن کے نعرے کے بغیر نکلیں گے، دکھائیں گے کس میں کتنا دم ہے، کس میں کتنی جوان مردی ہے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آج ہم فسطائیت اور فرعونیت کا مقابلہ کر رہے ہیں، فسطائیت نے پاکستان کے آئین، قانون، اخلاقیات اور انسانیت کو روندا ہوا ہے، وقتی طاقت اور اختیار سے نظریے، حقیقی آزادی اور جنون کو دبانے والے فرعون کا انجام پڑھ لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف، عطاء تارڑ اور دیگر لوگ نہتے لوگوں پر گولیاں برسانے کا دفاع کر رہے ہیں، کبھی کہتے ہیں کوئی شہید نہیں ہوا، کوئی گولی نہیں چلی، کبھی کہتے ہیں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ریاست کو ماں کا درجہ دیا گیا ہے لیکن ریاست قاتل بن کر اپنے لوگوں کو بغاوت پر مجبور کر رہی ہے۔