اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر کے علاقے راجگال میں خوارجی دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن میں 4 خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے سپاہی عامر سہیل آفریدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپاہی عامر سہیل آفریدی نے شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے 4 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور ناپاک ارادوں کو خاک ملایا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔