اسلام ٹائمز۔ دہلی ہائی کورٹ نے دہلی فسادات 2020ء کے حوالے سے ’یو اے پی اے‘ کیس میں عمر خالد، شرجیل امام اور دیگر ملزمان کی ضمانت کی عرضیاں مسترد کر دی ہیں۔ جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس شلیندر کور پر مشتمل ڈیویژن بینچ نے ان عرضیوں کی سماعت کو 25 نومبر تک ملتوی کر دیا۔ یہ معاملہ آج دہلی ہائی کورٹ کی نئی بینچ کے سامنے پیش کیا گیا تھا، لیکن بینچ نے سماعت نہیں کی، جس کی وجہ سے نئی تاریخ متعین کی جائے گی۔ کورٹ ماسٹر نے بتایا کہ بینچ کل بھی سماعت نہیں کرے گی۔ خیال رہے کہ آج ہائی کورٹ عمر خالد، شرجیل امام کے ساتھ دیگر ملزمین کی ضمانت کی عرضیوں پر سماعت کرنے والا تھا جن میں شباب احمد، اطہر خان، خالدسیفی اور گلفشہ فاطمہ شامل ہیں۔
آج عدالت دہلی پولیس کی عشرت جہاں کی ضمانت کے خلاف داخل کی گئی عرضی پر بھی سماعت کرنے والے تھا۔ خیال رہے کہ اکتوبر 2022ء میں جسٹس سدھارتھ مردول کی بینچ نے عمر خالد کی ضمانت کی عرضی مسترد کی تھی۔ بعد ازیں انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اب تک ان کی ضمانت کی عرضی کو متعدد مرتبہ ملتوی کیا جا چکا ہے۔ خیال رہے کہ دیگر ملزمین کی ضمانت کی عرضیاں بھی دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوء ہیں۔ عدالت کی نئی بینچ نے ضمانت کی عرضیوں پر سماعت کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا ہے جب دہلی ہائی کورٹ کی پرانی بینچ نے یا تو ضمانت کی عرضیوں پر سماعت سے خود کو باز رکھا یا انہوں نے مکمل سماعت کے بغیر ہی کیس کا فیصلہ کر لیا۔