اسلام ٹائمز۔ غزہ میں حماس سے لڑائی کے دوران میجر سمیت تین اسرائیلی فوجی مارے گئے، صہیونی فوج نے اپنے اہلکاروں کے مرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کے تین ریزرو فوجی غزہ کی پٹی کے شمال میں حماس کے ساتھ لڑائی کے دوران ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ تینوں فوجی 460 ویں بریگیڈ کی 5460 ویں سپورٹ یونٹ کے تھے، جن میں 37 سالہ میجر بھی شامل تھا۔
3 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 353 ہوگئی ہے۔ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں کم از کم 42,065 افراد شہید اور 97,886 زخمی ہوچکے ہیں۔ اسرائیل میں7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے حملے میں 1,139 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 200 سے زائد اسرائیلیوں کو قیدی بنا لیا گیا تھا۔