اسلام ٹائمز۔ فلسطین اور لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور مسلم امہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، ہزاروں بچوں، خواتین اور شہریوں کی شہادت پر خاموش مسلم ممالک کا کردار وقت کا یزید کے ساتھ دینے کا مترادف ہے، امریکہ و اسرائیل کے خلاف مسلم امہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، اسماعیل ہانیہ، سید حسن نصراللہ، اور دیگر مجاہدین کی قربانیوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران، حماس، حزب اللہ، لبنان، یمن، عراق کے مجاہدین کی جوابی کاروائیاں قابل ستائش ہیں، وقت کے یزید کے خلاف حسینی پیروکاروں کا کردار اسلام کی بقا کا ضامن ہے، مسلم ممالک کی آپس میں نااتفاقی کی وجہ سے امریکہ کے ایما پر اسرائیل بے گناہ اور نہتے مسلمانوں کو بمباری میں تیزی لاتے ہوئے فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو ختم کرنے پر تلا ہو ا ہے جوکہ یزیدیت اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے، رہبر معظم کے جمعہ کا خطبہ مسلم ممالک کیلئے روڈ میپ ہے جس پر عمل کرنے سے ہی اسلامی ممالک کی بقا ہے۔
ان خیالات کا اظہار امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی قائدین، لعل مہدی، علامہ سید ذیشان حیدر حسینی، ڈاکٹر سید فدا حسین رضوی، سید اشتیاق حسین سبزواری، زوار حسین نقوی اور حاجی دلدار حسین ریجنل ناظم گلگت نے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ریجن گلگت کے زیر اہتمام دو روزہ سیرت صادقین، تنظیمی و تربیتی زونل ورکشاپس و حمایت فلسطین و لبنان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ باب العلم تربیت گاہ برمس میں منعقدہ زونل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے نمائندہ چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن پاکستان لعل مہدی خان نے کہا کہ شہادت اگرچہ ناقابل تلافی نقصان ہے لیکن کربلا سے ہم اس عظیم شہادت کے طفیل مسلمانوں کے اتحاد کو ہم ہدیہ شہادت اور پیغام حیات سمجھتے ہیں, اس عظیم شہادت کے طفیل اور مسلمانوں کے اتحاد وحدت کے طفیل انشاء اللہ اسرائیل نابود ہوگا اور فلسطین آذاد ہوگا۔
کانفرنس سے علامہ سید ذیشان حیدر حسینی نے شہید مقاوت سید حسن نصراللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید نے اپنی زندگی فلسطین کی آزادی کیلئے وقف کی تھی اور اسی راہ پر انہوں نے اپنی جان کی قربانی دی۔ مرکزی سیکریٹری تعلیمات و تبلیغات ڈاکٹر سید فدا حسین نے فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیلی ظلم و جبر کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جلد صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا اور فلسطین آذاد ہو کر رہے گا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ناظم آزاد کشمیر ریجن زوار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہید مقاوت و فلسطین سید حسن نصر اللہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
بعدازاں ریجنل ناظم آزاد کشمیر سید اشتیاق حسین سبزواری نے شہید راہ مقاومت سید حسن نصر اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کلام پیش کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ناظم بلتستان اصغر علی جوادی نے شہید راہ خدا و آزادی فلسطین سید حسن نصراللہ کو سرخ سلام پیش کیا اور اسرائیلی فرعونیت کو مسترد کیا۔ دو روزہ کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل سیکریٹری محمد حسین نے تمام شرکائے کانفرنس کو مللک بھر سے شریک ہونے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ اور شہید مقاومت آزادی فلسطین کے مجاہد سید حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اسرائیل جلد انجام کو پہنج جائے گا۔ ایران کی جانب سے دندان شکن جواب اسرائیل اور امریکی ہوش ٹھکانے لانے کیلئے کافی ہے۔
انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سوچے سمجھے سازش کے تحت کھیلوں کے نام پر خواتین کو بے حیائی کی طرف دھکیلنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ شہر میں نوجوانوں کو نشہ آور ماحول کی جانب راغب کرنے کیلئے منشیات، آئس، چرس شراب کے آزادانہ استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے جوکہ نوجوانوں کیلئے زہر قاتل ہے، لہٰذا حکومت وقت انتظامیہ، پولیس نوجوانوں کو برائیوں سے نکالنے کیلئے معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں۔ کانفرنس کے آخر میں ملک و علاقے کے استحکام، سالمیت اور بقا کیلئے متفقہ قرارداد پاس کی گئی۔ واضح رہے نشست کا دوسرا دن آج سے شروع ہوگا جوکہ شام پانج بجے تک جاری رہے گا۔