سید عباس عراقچی غذائی اور طبی امداد لیکر بیروت پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" ایک وفد کی سربراہی کرتے ہوئے بیروت پہنچ گئے۔ اس دوران ایران کی جانب سے اپنے لبنانی بھائیوں کے لیے غذائی اور طبی امداد بھی اُن کے ہمراہ ہے۔ سید عباس عراقچی کے اس دورہ لبنان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ایرانی ترجمان خارجہ "اسماعیل بقائی" نے کہا کہ سید عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی وفد، اعلیٰ لبنانی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کرے گا۔ واضح رہے کہ ایرانی وفد میں دو پارلیمانی نمائندے اور ادارہ ہلال احمر کے سربراہ شامل ہیں۔ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امدادی سامان میں 10 ٹن سے زائد طبی اور غذائی مواد شامل ہے جو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے لبنانی بھائیوں کو ارسال کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ ایران، لبنان کی بہادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ لبنان کو در پیش صورت حال کا خطے کے ہر فرد کو ادراک ہونا چاہئے اور سمجھنا چاہئے کہ اس صورت حال کے نتائج ہماری اقوام کے مستقبل پر مر٘تب ہوں گے۔ لبنان کے نگران وزیراعظم "نجیب میقاتی" اور پارلیمنٹ کے سپیکر "نبیہ بری" سے ملاقات ایرانی وزیر خارجہ کے شیڈول کا حصہ ہے جس میں لبنان اور تازہ ترین علاقائی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ جمعے جنوبی بیروت کے مضافات میں صیہونی فضائی حملوں میں "حزب الله" کے سیکرٹری جنرل "سید حسن نصر الله" شہید ہو گئے، جس کے بعد ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے لبنانی ہم منصب "عبد الله بوحبیب" سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور اسرائیل کے اس دہشت گردانہ فعل کی مذمت کی۔