اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ نیلم ویلی کے لوگوں نے استقامت دکھائی ہندوستانی جارحیت کے خلاف سینہ سپر رہے، سیاست میں تنگ نظری مناسب نہیں، رونے دھونے سے مسائل حل نہیں ہوتے، لیگی دور حکومت میں نیلم کو دو حلقے دیے، تاو بٹ تک سڑک دی میں جب وزیراعظم تھا تو مجھ پر بھی بڑے جال پھینکے گئے کہ نیلم ویلی ہمیں دیدیں نیلم ویلی کو کنکریٹ کا ڈھیر مت بنائو، جنگل اور پانی یہاں کی خوبصورتی ہے یہ ختم ہو گئی تو لوگ یہاں کیا کرنے آئیں گے۔ یہاں کے لوگ ملکر ماحول اور خوبصورتی کو بچانے کیلئے پالیسی بنائیں، منتخب نمائندوں کو ساتھ رکھیں، نیلم ویلی، لیپہ اور حویلی کے لیے بجلی کے ریٹ مزید کم کریں تاکہ جنگل کو بچایا جا سکے ورنہ پہاڑ بے لباس ہو جائیں گے، زمین کا لباس درخت ہیں ان کی حفاظت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیل میں سابق وزیر سردار گل خنداں کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی، وزیر حکومت دیوان علی چغتائی، سابق امیدوار راجہ بشیر شمع، ملک سردار ظفر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات دیں، انہیں اس کار خیر میں شریک کریں، لوکل گورنمنٹ کے چار فیصد منتخب نمایندوں کو سٹاف اور دیگر ضروریات مہیا کریں، منتخب نمائندگان کو صحت، تعلیم سمیت دیگر امور میں اختیارات دیں، حاجی گل خنداں سے بھائیوں جیسا تعلق تھا، یہ چالیس سال کا تعلق ہے کوئی دو برس کی بات نہیں، اس خاندان کے ساتھ ہمارا ذاتی تعلق ہے اور یہ رہے گا۔