اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے معاشی حب کراچی میں خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کے زیر اہتمام جنرل قاسم سلیمانیؒ اور انکے رفیق ابو مہدی المہندسؒ کی شہادت کی چوتھی برسی کے موقع پر خانہ فرہنگ میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی علمی، مذہبی، سیاسی اور ثقافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی دانشوروں نے شہید قاسم سلیمانی اور ان کے انقلابی و اسلامی مکتبہ فکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی اہمیت اور جاہ و مقام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شہید حاج قاسم سلیمانیؒ کو اسلامی مزاحمت کا نمائندہ، فلسطین سمیت خطے کے مظلوم قوموں کیلئے انکی حمایت، شہداء کی یاد کو زندہ رکھنے کی اہمیت اور شہید سلیمانیؒ کے مکتبہ فکر کے آئندہ نسلوں پر اثر سمیت دیگر متعلقہ موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ تقریب سے معروف بزرگ عالم دین آیت اللہ غلام عباس رئیسی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ڈاکٹر سعید طالبی نیا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم نے خطاب کیا، جبکہ صوبہ سندھ کی معروف اہلسنت ادبی شخصیت پروفیسر خیال آفاقی نے شہید قاسم سلیمانیؒ اور ابو مہدی المہندس شہید کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے فلسطین کے مقصد کی حمایت کی اور اس موضوع پر اشعار پیش کئے۔ اس موقع پر تقریب تقسیمِ انعامات بھی منعقد کی گئی، جس میں قرآن مقابلہ، فلسطین و لبنان کی مزاحمتی شاعری مقابلہ، اور خانہ فرہنگ ایران کے دوسرے آل پاکستان کتابی مقابلے کے پوزیشن حاصل کرنے والے اور منتخب شرکاء کو انعامات دیئے گئے۔ تقریب کے دوران شہید قاسم سلیمانیؒ سے متعلق خصوصی ڈاکیومینٹریز بھی چلائی گئیں۔ میزبانی کے فرائض سید محمد علی نقوی نے انجام دیئے۔ تقریب میں ایرانی و پاکستانی خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔