اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری کاشف مغل نے کہا ہے کہ ایک سال گذرنے کے بعد بھی سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کے اصل حقائق سے عوام کو آگاہ نہ کرنا اور بھتہ کے چکر میں سیکڑوں انسانوں کو زندہ جلانے والے دہشت گردوں کی عدم گرفتاری پاکستانی تاریخ کا ایسا بدنما داغ ہے کہ جس سے اس وقت کے حکمران اور انکے دہشت گرد حلیفوں کے چہروں سے صاف نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم پاکستان اگر کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں تو انہیں سانحہ بلدیہ ٹاﺅن میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔ سانحہ بلدیہ ٹاﺅن میں جاں بحق افراد کی پہلی برسی کے موقع پر عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں کاشف مغل نے مزید کہا کہ سانحہ بلدیہ ٹاﺅن پیپلز پارٹی اور دہشت گردوں پر مشتمل حکومت کی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سینکڑوں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین اور بوڑھے افراد کی آگ میں جھلسی ہوئی لاشوں کو دیکھ کر آسمان تو ضرور کانپا لیکن ارباب اقتدار کے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے انہیں مہینوں اپنے پیاروں کی جلی کٹی لاشوں کے انتظار میں سولی پر لٹکائے رکھا۔
کاشف مغل نے کہا کہ مسلم لیگی حکومت آنے کے بعد کراچی کی عوام پرُامید تھے کہ شائد حالات تبدیل ہوں اور عوام کے قتل و غارت کا سلسلہ رکے لیکن جو حکومت دہشت گردوں کی ایک بھپکی سے ڈر جائے، شہر میں قتل ہونے والے ہزاروں بے گناہوں کے قاتلوں سے ہاتھ ملا لے اور زندہ انسانوں کو چند روپوں کے خاطر آگ میں جھونکنے والوں سے باز پرس تک نہ کرے وہ بھلا کس طرح کراچی کا سکون بحال کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اگر ملک کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں کراچی میں امن قائم کرنا ہوگا اور شہر میں ایک ایسا نظام وضع کرنا ہوگا کہ جس سے دہشت گردوں کا خاتمہ، دہشت گردی کی حوصلہ شکنی اور سانحہ بلدیہ ٹاﺅن جیسے مزید کسی واقعہ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کے متاثرہ دربدر بھٹکتے خاندانوں کی ترجیحی بنیادوں پر مدد کی جائے تاکہ سانحہ سے متاثرہ لوگوں کے آنسو پونچھے جا سکیں۔