اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان کی جانب سے اسلام آباد میں ہونے والے دو روزہ مسلم گرلز ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی گئی۔ افغان طالبان حکومت مسلم دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہی۔ وزیرِ تعلیم خالد مقبول صدیقی نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے افغانستان کو دعوت دی گئی تھی لیکن افغان حکومت کی جانب سے کانفرنس میں کوئی بھی موجود نہیں ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ’مسلم گرلز ایجوکیشن کانفرنس‘ سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ مسلم ممالک بشمول پاکستان کو لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے، شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کے کانفرنس میں تعاون پر شکر گزار ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی بھی کانفرنس میں شریک ہیں، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ دوسری جانب اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ پاکستان آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ پاکستان آ کر بہت خوش ہوں۔ ملالہ یوسف زئی پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت اور خواتین کی تعلیم سے متعلق چینلنجز کے حل کے حوالے سے بات چیت کریں گی۔