اسلام ٹائمز۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے بلوچستان کے ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کے فیصلے کے خلاف ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں علامتی ہڑتال تاحال جاری ہے۔ سرکاری ڈاکٹرز کی جانب سے بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں خدمات سرانجام نہ دینے کے باعث غریب عوام اور مریضوں کی مشکلات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس حکومت کے اس اقدام کو ہسپتالوں کی نجکاری قرار دے رہی ہے۔ دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔