اسلام ٹائمز۔ طالبان وفد نے اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللّٰہ بن زاید سے ملاقات کی، امارات نے افغانستان میں ترقی کیلئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ طالبان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان کے مطابق افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت بڑھانے اور افغان تاجروں کے لیے مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تکنیکی کوششیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں افغان طالبان کی بھارتی حکام سے بھی دبئی میں ملاقات ہوئی، بھارتی حکام کے مطابق سیکریٹری خارجہ وکرم مشری اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی ملاقات میں بھارت نے افغان طالبان کو دوستی کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں چابہار بندرگاہ سے باہمی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور افغان بھارت کرکٹ تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔