اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے دہلی انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان گرما گرم سیاسی بحث پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ممتا بنرجی، اکھلیش یادو اور تیجسوی یادو کے بعد عمر عبداللہ نے انڈیا الائنس کے مستقبل پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد نہیں ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اپوزیشن متحد نہیں ہے اس لئے انڈیا بلاک کو تحلیل کیا جائے۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس دونوں انڈیا بلاک کا حصہ ہیں، لیکن دونوں پارٹیاں دہلی میں الگ الگ الیکشن لڑ رہی ہیں۔ واضح رہے کہ عمر عبداللہ کی پارٹی جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس بھی اس اتحاد کا حصہ ہے۔ انہوں نے 2024ء پارلیمانی انتخابات کے بعد انڈیا بلاک کے مستقبل کے بارے میں وضاحت کی کمی پر افسوس کا اظہار کیا۔
جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ انڈیا بلاک کی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی ہے، کون قیادت کرے گا، ایجنڈا کیا ہوگا، اتحاد کیسے آگے بڑھے گا، ان مسائل پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ اس معاملے پر کوئی وضاحت نہیں ہے کہ ہم متحد رہیں گے یا نہیں۔ عمر عبداللہ نے دہلی انتخابات کے بعد اتحاد کے مستقبل پر صورتحال واضح کرنے کے لئے میٹنگ بھی طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا بلاک کی میٹنگ دہلی کے انتخابات کے بعد ہونی چاہیئے اور اس میں واضح ہونا چاہیئے کہ اگر یہ (اتحاد) صرف پارلیمانی انتخابات کے لئے تھا، تو اسے ختم کر دینا چاہیئے، لیکن اگر اسے اسمبلی انتخابات تک جاری رکھنا ہے تو ہمیں مل کر کام کرنا چاہیئے۔
اس سے پہلے انڈیا بلاک کو توڑنے کے سوال پر تیجسوی یادو نے کہا تھا کہ یہ پہلے ہی طے تھا کہ انڈیا بلاک لوک سبھا کے لئے ہے، اگر ہم بہار کی بات کریں تو یہاں ہم شروع سے ساتھ تھے۔ دوسری جانب عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان کشمکش کے بیچ اکھلیش یادو کو اروند کیجریوال کے ساتھ کھڑے دیکھا گیا اور انہوں نے عام آدمی پارٹی کی حمایت کرنے کی بات کی۔ ساتھ ہی انڈیا بلاک کا حصہ، ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے بھی دہلی میں عام آدمی پارٹی کی جیت کی امید ظاہر کی ہے۔ ٹی ایم سی کے لیڈر کنال گھوش نے دہلی اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کہا تھا کہ، ہم امید کریں گے کہ وہاں عام آدمی پارٹی کی حکومت واپس آئے اور بی جے پی کو شکست ہو۔