اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے وزیر پانی و بجلی مشتاق حسین نے کہا ہے کہ سردیوں میں تھرمل بجلی دینا حکومت کے بس کی بات نہیں ہے کیونکہ تھرمل بجلی پر کافی اخراجات آتے ہیں، تاہم رمضان المبارک میں ہم صارفین کو تھرمل بجلی دیں گے تاکہ ماہ مقدس میں روزہ داروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا نہ پڑے۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برقیات کا کہنا تھا کہ الیکشن قریب آ رہے ہیں اس لئے ہنزہ میں کچھ سیاسی لوگ بجلی کے مسئلے پر احتجاج کر رہے ہیں، مسئلہ اتنا گھمبیر نہیں ہے جتنا بنایا جا رہا ہے۔ بجلی کے مسئلے پر سیاست کرنا درست عمل نہیں ہے۔ بحران آج کے دور کا پیدا کردہ نہیں یہ پہلے سے موجود ہے۔ ہم بجلی کو منیج کر کے تقسیم کر رہے ہیں۔ سکردو میں سولر پاور پلانٹ کی تنصیب کیلئے جی بی گورنمنٹ کے فنڈ سے بھی رقم رکھی گئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ سو میگاواٹ میں سے بھی پچیس میگاواٹ بجلی سکردو کو دی جائے گی، اس طرح اس شہر کا بحران کم ہوگا اور لوگوں کی مشکلات دور ہونگی۔