اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ گریٹر اسرائیل کے نقشے کے معاملے پر سعودی عرب کا موقف امتِ مسلمہ کی ترجمانی ہے۔ اپنے بیان میں حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کرنا عالمی امن کو تباہ کرنا ہے، اسلامی تعاون تنظیم گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کرنے پر فوری اجلاس طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق سعودی عرب کے موقف کیساتھ ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے اسرائیلی نقشے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے نام نہاد گریٹر اسرائیل کے متنازع نقشے جاری کئے ہیں۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ایسے بے بنیاد اور انتہا پسند اقدامات اسرائیلی حکام کے غاصبانہ ارادوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایسے اقدامات قبضے کو مستحکم کرنے، ریاستوں کی خود مختاری پر حملے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے ارادوں کا اظہار کرتے ہیں۔