اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت دہشتگردوں کی ساتھی بن چکی ہے، شیر افضل مروت اور بیرسٹر سیف کے بیانات اس کی واضح مثال ہیں، افضل مروت کہتا ہے پاراچنار کا راستہ کھلوانے کیلئے اپنے عوام پر گولی نہیں چلا سکتے تو اس کا مطلب ہے کہ پاراچنار میں بسنے والے ساڑھے پانچ لاکھ عوام نہیں، حکومت کے نزدیک وہ کیڑے مکوڑے ہیں اور راستے بند کرکے اسلحہ لیکر بیٹھنے والے کالعدم گروہ کے دہشتگرد ان کیلئے قابل احترام ہیں، حقیقت یہ ہے کہ دہشتگرد اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی امن و امان خراب کرتے ہیں، ان کیخلاف اگر حکومت اور ریاستی ادارے کارروائی نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟
ان کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات ہے کہ بیرسٹر سیف بھی اس سے پہلے بیان دے چکے ہیں کہ پہلے تین اطراف سے افغانستان میں گھرے پاراچنار کے عوام اسلحہ جمع کرائیں پھر راستے کھلیں گے، جس کا مطلب ہے کہ آپ لوگوں کو بھوکا مار کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاکہ پارا چنار کے عوام کو نہتہ کرکے انہیں دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے، تو ایسا رویہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں ںے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ وقت آ چکا ہے کہ ملت جعفریہ کو 6 جولائی 1980 کی طرح کا احتجاج کرنا ہوگا تاکہ تمام معاملات ایک ہی دفعہ حل ہوں۔
علامہ سبطین سبزواری کا کہنا تھا کہ اگر حکومت دہشتگردوں کی سرپرستی کرتی رہے گی تو ملک میں امن کسی صورت قائم نہیں ہو سکتا۔ یہ واضح اشارے موجود ہیں کہ موجودہ حکومت اور دہشتگردوں کے باہمی رابطے ہیں جو پاکستان میں امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ہم پاراچنار کے بہن بھائیوں کیساتھ ہیں اور انتظار میں ہیں کہ کب ریاستی ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں گے اور اگر نہیں کریں گے تو یہ کام ہم خود کرنے پر مجبور ہوںگے۔