اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ نے بے روزگار نوجوانوں کو آسان اقساط پر جلد ای وی ٹیکسی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کیلئے ماحول دوست ای وی ٹیکسی متعارف کروانے کیلئے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو مختلف بینکوں سے رابطوں اور مختلف مالیاتی ماڈلز تیار کرنے کی ہدایات کر دی گئی ہے۔ کراچی میں ای وی ٹیکسی اسمبل کرنے والی کمپنی کے حکام نے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن سے ملاقات ملاقات کی، جس میں کمپنی حکام نے ماحول دوست ای وی ٹیکسیز کے حوالے سے تفیصلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بے روزگار افراد کو آسان اقساط کے منصوبوں پر ای ٹیکسیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں، تاکہ وہ پائیدار انداز میں اپنی روزی کما سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ای ٹیکسیاں صوبائی حکومت کے سرسبز سندھ کے عزم کے مطابق ہیں، اس منصوبے سے ہمارے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔