0
Wednesday 8 Jan 2025 19:41

بی جے پی لیڈر کا بیان بیہودہ اور مضحکہ خیز ہے، پرینکا گاندھی

بی جے پی لیڈر کا بیان بیہودہ اور مضحکہ خیز ہے، پرینکا گاندھی
اسلام ٹائمز۔ کانگریس کی  ممبر پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے کالکاجی سے بی جے پی امیدوار رمیش بدھوری کے نازیبہ تبصرہ پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے رمیش بدھوری کے بیان کو مضحکہ خیز اور بیہودہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فضول باتوں پر تبصرہ نہیں کریں گے۔ وایناڈ کی ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ دہلی میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، اس لئے یہاں ضروری مسائل پر بات ہونی چاہیئے۔ کالکاجی علاقے میں بی جے پی کے ایک پروگرام میں رمیش بدھوری نے کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا تھا۔ ویڈیو میں بی جے پی امیدوار رمیش بدھوری یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں "ہم کالکاجی کی سڑکوں کو پرینکا گاندھی کے گالوں کی طرح بنائیں گے"۔

اس بیان کے بعد کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے اسے خواتین مخالف پارٹی قرار دیا۔ کانگریس نے کہا کہ پرینکا گاندھی کے حوالے سے دیا گیا بیان نہ صرف شرمناک ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی خواتین کے بارے میں کیا سوچتی ہے۔ جس آدمی نے اپنے ساتھی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ پورے ایوان میں بدسلوکی کی اور اسے کوئی سزا نہیں ملی، اب اس شرمناک بیان پر اس کو کوئی سزا ملے گی، کیسے اس پارٹی سے امید کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ رمیش بدھوری کے بیان پر دہلی کے وزیراعلٰی آتشی نے کہا تھا کہ بی جے پی ایک خواتین مخالف پارٹی ہے، یہ خوفناک ہے کہ دہلی میں امن و امان کی ذمہ داری بی جے پی کی حکومت  کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کے لیڈر رمیش بدھوری  ایسی خواتین  کے خلاف ایسی بدزبانی کا استعمال کرتے ہیں تو پارٹی خواتین کو کیسے محفوظ محسوس کرائے گی، دہلی کے لوگ رمیش بدھوری کو ووٹ  کے ذریعے منہ توڑ جواب دیں گے۔

یاد رہے کہ رمیش بدھوری کے بیان پر جب سیاست گرم ہوئی تو انہوں نے ایکس پر پوسٹ کیا اور معافی مانگ لی۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا اور دیگر لیڈروں کو ٹیگ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ کچھ لوگ سیاسی فائدے کے لئے سوشل میڈیا پر غلط تاثر کے ساتھ میرے بیان کو کسی دوسرے تناظر میں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں تھا لیکن پھر اگر کسی کو تکلیف ہوئی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔
خبر کا کوڈ : 1183161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش