اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع گلگت کے زیر اہتمام پاراچنار عوام کی حمایت میں آٹھ روزہ کامیاب دھرنوں کے بعد تقریب تشکر برائے معاونین دھرنا کا انعقاد صوبائی سیکریٹریٹ ہوا۔ جس میں علما کرام، عمائدین شہر، ملی تنظیموں کے نمائندوں، منقبت خواں، شعرائے کرام، مالی معاونین، یوتھ تنظیموں کے نمائندوں اور منتظمین نے شرکت کی۔ تقریب سے صوبائی ترجمان حاجی غلام عباس اور عارف قنبری ضلعی صدر نے خطاب کیا۔ مقررین نے ڈپٹی کمشنر کرم اور سیکورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرم امن معاہدے کی سیاہی خشک ہونے سے پہلے دہشت گردی کا واقعہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ دہشت گرد کبھی یہ نہیں چاہتے کہ ٹل پاراچنار روڑ محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ہے، درحقیقت یہ اب ریاست کا امتحان ہے۔جائے وقوعہ کو سیل کر کے امن معاہدے کے مطابق مقامی آبادی کو شامل تفتیش کر کے دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اشیا خوردونوش اور ادویات پر مشتمل قافلے کو فوری طور پر پاراچنار پہنچا دیا جائے۔ تمام شرکا نے یک زبان ہو کر مظلوم پاراچنار عوام کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب بھی قیادت حکم دے گی پاراچنار کے مظلومین کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔