اسلام ٹائمز۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اترپردیش میں واقع سنبھل کی جامع مسجد تنازعہ معاملے میں ضلع عدالت میں چل رہی سماعت پر روک لگا دی ہے۔ اس معاملے میں تمام فریقوں کو ایک ماہ کے اندر اپنا جواب داخل کرنا ہوگا۔ سنبھل کی شاہی جامع مسجد کی انتظامات کمیٹی کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ نے اس پر روک لگا دی ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے تمام فریقوں سے جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ فریقوں کو چار ہفتوں میں جواب داخل کرنا ہوگا۔ فریقوں کے جواب پر مسجد کمیٹی کو دو ہفتوں میں اپنا ریجوائنڈر یعنی جواب داخل کرنا ہوگا۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضلع عدالت میں چل رہے کیس کی سماعت پر روک لگانے کے بعد مسلم فریق کو فوری راحت ملی ہے۔ ہائی کورٹ میں بدھ 8 جنوری کو جسٹس روہت رنجن اگروال کی سنگل بنچ میں کیس کی سماعت ہوئی۔
درخواست شاہی جامع مسجد کی انتظامی کمیٹی نے دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ اس کیس کی 25 فروری کو دوبارہ سماعت کرے گا۔ کیس کی سماعت 25 فروری کو نئے کیس کے طور پر ہوگی۔ ہری شنکر جین اور دیگر کی جانب سے سنبھل کی ضلع عدالت میں 19 نومبر کو ایک مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ مقدمے کے ذریعے شاہی جامع مسجد کی جگہ کو ماضی میں مندر بتایا گیا تھا۔ اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے ضلع عدالت نے سروے کا حکم دیا تھا۔ 24 نومبر کو سروے کے دوسرے دن ہوئے تشدد کے دوران چار افراد کی موت ہو گئی تھی۔