اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب نے مشہد مقدس میں گورنر جنرل خراسان رضوی غلام حسین ظفری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی سیاحت، تعلیم اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ ایران سے برادرانہ تعلقات اور محبت کا گہرا رشتہ ہے، جبکہ پاکستانی زائرین کیلئے میر جاوا کے مقام پر تمام سہولیات سے آراستہ کمپلیکس بنانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے کاروباری حضرات کے وفود کے تبادلے ہونے چاہیئں جبکہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو فروغ دینے کیلئے تاجر مشہد اور لاہور میں تجارتی نمائشیں لگائیں۔
گورنر پنجاب نے اس حوالے سے وزارت خارجہ کے نمائندے کو موقع پر ہدایات بھی جاری کیں۔ سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ لاہور واپس جا کر اس پر عملدرآمد کا خود جائزہ لیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کی یونیورسٹیوں کے مابین تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ فردوسی یونیورسٹی مشہد میں اقبال چیئر اور شعبہ اردو کے قیام سے تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ صوبہ پنجاب اور صوبہ خراسان رضوی کے درمیان ثقافتی تعاون کی باہمی مفاہمتی یاداشت کے تحت دونوں صوبوں میں ثقافتی ہفتوں کے انعقاد کے منتظر ہیں۔ گورنر پنجاب نے گرمجوشی سے استقبال پر گورنر جنرل خراسان رضوی کا شکریہ ادا کیا اور صوبہ خراسان کے گورنر کو لاہور کے دورے کی دعوت بھی دی۔