اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان لینڈ ریفارمز کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت صوبائی وزیر قانون غلام محمد منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران محمد انور، حاجی شاہ بیگ، امجد حسین ایڈووکیٹ، سیکرٹری قانون، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان سے تمام سٹیک ہولڈرز سے موصول ہونے والی تجاویز کا بغور جائزہ لیا گیا۔ موصول ہونے والی تمام تجاویز پر غور کے بعد تمام قابل عمل تجاویز کو لینڈ ریفارمز بل میں شامل کیا گیا۔ سول سوسائٹی اور وکلاء کی تجاویز کو مجوزہ بل کا حصہ بنانے کے بعد بل کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے بل کی تیاری میں عوامی شرکت اور دلچسپی کو سراہا اور اس بات کااعادہ کیا کہ اس بل کو عوامی امنگوں کے مطابق بنا کر قانونی شکل دی جائے گی۔ اجلاس کے شرکاء نے متعلقہ محکمے کو حکم دیا کہ بل کو آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ چیئرمین لینڈ ریفارمز کمیٹی غلام محمد نے تمام کمیٹی ممبران اور تمام متعلقہ افسران اور سول سوسائٹی، وکلاء کی بل کی تیاری اور بہتری میں معاونت پر شکریہ ادا کیا اور تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون سازی جی بی کے لئے تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔