اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ ٹیکس پاکستان کو نہیں چلنے دیں گے، تاہم ہمیں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پورے کرنے ہیں اور وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلی بار اسٹاک مارکیٹ کا دورہ کرنے پر خوشی ہوئی ہماری کامیابیاں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں، ہمیں اب معاشی نمو کی جانب بڑھنا ہے، اسٹاک مارکیٹ کی تیزی کو اب معیشت کی بہتری کیلئے استعمال کرنا ہے، ماضی میں بھی بڑے خوش نما پروگرام دیکھے اور سنے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ زیادہ ٹیکس پاکستان کو نہیں چلنے دیں گے، ہمیں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پورے کرنے ہیں، تاہم وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے۔ انہوں ںے کہا کہ ایک زمانے میں کراچی کی روشنیاں ختم ہو گئی تھیں، مگر اب کراچی میں دوبارہ روشنیاں آ چکی ہیں، کراچی ہمارا تجارتی، فنانشل اور ایکسپورٹس کا مرکز ہے، اب ہم اڑان پاکستان کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید اوپر لے کر جائیں گے۔
قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے پی اے ایف بیس فیصل کراچی میں وزیراعظم کا استقبال کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت علی پرویز ملک بھی ان کے ہمراہ پہنچے۔ وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بعد کے پی ٹی اور آغا خان یونیورسٹی میں ہونے والی تقاریب میں شرکت کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وزیراعظم سے بزنس کمیونٹی اور دیگر وفود ملاقاتیں بھی کریں گے۔