اسلام ٹائمز۔ کشمیریوں نے ”یوم حق خودارادیت“ کے سلسلے میں دنیا بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات میں حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور اس حق کی فراہمی میں ہٹ دھرمی پر بھارت کا محاسبہ کرے۔ ذرائع کے مطابق تقریبات کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری وحشیانہ بھارتی مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کسی قوم کو طاقت کے بل پر زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھا جا سکتا، کشمیری بھی ایک روز بھارتی غلامی سے چھٹکارہ پانے میں کامیاب ہوں گے۔ تقریبات کے مقررین نے کشمیریوں سے ان کی شناخت اور وقار کو چھیننے کی بھارت کی کوششوں کی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی اقدامات اور نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کے عالمی چارٹر، قوانین اور اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑا رہا ہے، عالمی برادی اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ بھارتی ریشہ دوانیوں کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو حق خودارادیت کی فراہمی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور دیگر تقریبات کے شرکاء نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔