اسلام ٹائمز۔ حریت رہنماوں اور جماعتوں نے ممتاز مزاحمتی رہنما سجاد احمد کینو کو آج ان کی شہادت کی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع اسلام آباد کے رہائشی سجاد احمد کینو کو بھارتی فورسز نے 8 جنوری 1996ء کو شہید کیا تھا۔غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی کے علاوہ فاروق احمد، فریدہ بن جی، ڈاکٹر مصعب اور جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے سری نگر سے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ شہید سجاد احمد کینو جیسے شہید کشمیریوں کے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سجاد کینو موجودہ تحریک آزادی کے اولین رہنماﺅں میں سے ایک تھے۔ حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے کہا کہ سجاد ایک شریف النفس اور مخلص انسان تھے جو اپنی آخری سانس تک تحریک آزادی کے ساتھ وابستہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بے انتہا قتل و غارت کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے، کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے شہداء کے عظیم مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔