0
Wednesday 8 Jan 2025 12:41

مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، سردار عتیق احمد

مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، سردار عتیق احمد
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ الحاق پاکستان کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے، مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کرنا چاہتے ہیں، اس وقت کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں، ان کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم کانفرنسی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہے، کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان کیلئے ہمیشہ عقیدت رہی ہے، جمہوریت کا راگ الاپنے والے بھارت میں سرکاری سرپرستی میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہو رہی ہے اور نریندر مودی کی سرپرستی میں ہندو انتہا پسندوں نے دیگر قوموں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزادی کی اس نعمت پر ہم رب کائنات کے شکرگزار ہیں کہ ہم آج آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں اور ہماری اس آزادی کے تحفظ کا سہرا پاک فوج کے سر ہے جو پہاڑوں پر پہرا دیتی ہے اور ہم چین کی نیند سوتے ہیں، تقسیم ہند کے دوران ریاست جموں و کشمیر مسلم اکثریتی علاقہ ہونے کی بناء پر اور جغرافیائی اعتبار سے اس کا الحاق پاکستان سے ہونا فطری تھا، ہندوستان نے مکاری اور سازش سے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا اور سات دہائیوں سے کشمیریوں کو ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دینے سے انکاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی منزل تکمیل پاکستان تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تمام تر دبائو، منفی ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود بھی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ختم نہیں کر سکا، مسلم کانفرنس تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو ہر دور میں کمزور کرنے کی کوشش ہوتی رہی لیکن جماعت نے دشمنوں کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کر رہا ہے، روزانہ کی بنیاد پر کشمیری نوجوان کو شہید کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکنان مسلم کانفرنس 12جنوری کو ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلم کانفرنس کے عہدیداروں اور کارکنان سے کنونشن کو کامیاب کرانے کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں تاکہ 12جنوری کو کوہالہ کے مقام پر ایک عظیم الشان ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کنونشن منعقد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1183093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش