اسلام ٹائمز۔ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیراہتمام دسویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے پہلے سیشن کے اختتام پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں موسٹ سینئر وزیر کرنل (ریٹائرڈ) وقار احمد نور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری سروسز ظفر محمود خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظہیر الدین قریشی، سیکرٹری پی اینڈ ڈی عامر لطیف، سیکرٹری وائلڈ لائف اینڈ فشریز عامر محمود مرزا، سیکرٹری پی پی ایچ چوہدری مجید، سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) فرحت علی میر، سابق سیکرٹری حکومت خواجہ محمد احسن، ڈائریکٹر ایڈمن کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ، چیف انسٹرکٹر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ ابرار احمد اور ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات محمد بشیر مرزا سمیت دیگر نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ایڈمن کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے دسویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کی افادیت بارے شرکاء کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے موسٹ سینئر وزیر کرنل (ریٹائرڈ) وقار احمد نور نے کہا کہ کیپسٹی بلڈنگ اشد ضروری ہے، حکومت آفیسران کی عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تربیت کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، محدود وسائل کے ساتھ ترجیحات کا تعین ضروری ہے، لگن اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، آفیسران پالیسی کے نفاذ کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، عوام کی فلاح موجودہ حکومت کی اول ترجیح ہے، موجودہ حکومت نے میرٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، ہمیں درست سمت کا تعین کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آفیسران سسٹم کو موثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں، موجودہ دور انفارمیشن، کمیونیکشن اور ٹیکنالوجیز کا دور ہے، اس دور میں جدت سے آشنائی ہو گی تو چیزوں کو بہتر انداز میں چلایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ شاندار روایات کا حامل ادارہ ہے، کشمیر انسٹیٹیوٹ کی کارگردگی مثالی ہے، آفیسران کی تربیت کے لیے ادارے کے کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لگن کے ساتھ کام کریں گے تو تبدیلی ممکن ہے، عزم کے ساتھ آفیسران فیلڈ میں کشمیر انسٹیٹویٹ آف مینجمنٹ کے زیر سایہ سیکھی گئی مہارتوں کو عملی میدان میں آزمائیں، کارگردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، حکومت دستیاب وسائل میں بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت کے ترقیاتی پراجیکٹس سے خطہ میں ترقی کا دور دورہ ہو گا، ترجیح عوام کی خدمت ہے۔
مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے پہلے سیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ نے کہا کہ کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ فکری آگاہی کے فروغ، پروفیشنل مہارتوں کے ساتھ ساتھ عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق آفیسران کی موثر ٹریننگ کے لیے کوشاں ہے، ہمارا نظریہ ہے کہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کو بہترین تربیت کے حامل آفیسران مہیا کیے جائیں، کیپسٹی بلڈنگ کے ساتھ ساتھ تنقیدی فکر کو پروان چڑھایا جائے، ٹیکنالوجی کے فروغ اور جدید تقاضوں سے لیس بہترین بیوروکریسی ہی پالیسی کے نفاذ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کردار سازی، فکری آبیاری اور بہترین مینجمنٹ سکلز کے لیے آفیسران کی بھرپور رہنمائی اور صلاحیتوں کے نکھار کے لیے مثالی ادارہ ہے، آفیسران لگن و محنت سے کام کریں اور ریاست کی فلاح اور عوام کی خدمت کو مشن سمجھیں، آفیسران نہیں عوامی خدمتگار بنیں، عوام کی خدمت کی ذمہ داری نبھانا بڑی چیز ہے، خدمت کے مشن کو جاری و ساری رکھیں اور ریاست کی ترقی میں عملی کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر تقریب کے مہمان خصوصی موسٹ سینئر وزیر کرنل (ریٹائرڈ) وقار احمد نور نے میڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے پہلے سیشن کے 31 شرکاء پر مشتمل بیج میں تعارفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔